ہملٹن، یکم مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سلامی بلے باز مارٹن گپٹل کے 180رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے آج یہاں چوتھے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو انتہائی آسانی سے سات وکٹوں سے شکست دے دی۔آج کی اس جیت کے ساتھ سیریز دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔دونوں ٹیمیں 2-2کی برابری پر ہیں۔آخری ون ڈے میں جو بھی ٹیم جیت درج کرے گی، سیریز پر اسی کا قبضہ ہو گا۔میچ میں پہلے بلے بارزی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ 50اووروں میں 8وکٹ کے نقصان پر 279رن بنایا تھا، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گپٹل کی ناٹ آؤٹ سنچری کی بدولت 45اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر ہی ہدف کو حاصل کر لیا۔مارٹن گپٹل نے ناٹ آؤٹ 180رنوں کی اننگ میں 138گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 15چوکے اور 11چھکے لگائے، راس ٹیلر نے بھی 66رنوں کا تعاون دیا۔جنوبی افریقہ کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ڈین براؤن لی کا وکٹ جلدہی گنوا دیا۔انہیں 4رن کے انفرادی اسکور پر تیز گیند باز رباڈا کی گیند پر وکٹ کیپر کونٹن ڈیکاک نے کیچ کیا۔کپتان کین ولیمسن بھی لمبی اننگ نہیں کھیل سکے اور 21کے انفرادی اسکور پر عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس کے بعد گپٹل اور ٹیلر کی جوڑی نے جنوبی افریقی اٹیک کا شاندار طریقے سے مقابلہ کیا اور تیسرے وکٹ کے لیے سنچری شراکت نبھاتے ہوئے اننگ کو سنبھالا دیا۔نیوزی لینڈ کا تیسرا وکٹ ٹیلر کی شکل میں گرا،گپٹل نے اس کے بعد لیوک رونچی کے ساتھ مل کر ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچا یا۔